اچھا یا برا خواب دیکھنے کے بعد کیا کریں

اچھے خواب کے بعد اور ڈراؤنے خواب کے بعد کیا کریں اور کیا کہیں۔

1 ایک بار

ترجمہ اور حوالہ

ابو قتادہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، وہ کہتے ہیں کہ اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا: ”اچھا خواب اللہ كى جانب سے ہے اور برا خواب شيطان كى جانب سے۔ چنانچہ جب تم ميں سے كوئى شخص برا خواب ديكھے، تو اپنى بائيں جانب تين بار تھو كے اور شيطان کے شر سے اللہ کی پناہ مانگے۔ ایسا کرنے پر یہ خواب اسے كوئى ضرر نہيں دے گا۔“

متفق عليه درجہ: صحيح

شرح

اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ و سلم نے بتایا کہ اچھا اور خوشی دینے والا خواب اللہ کی جانب سے ہے۔ جب کہ ناپسندیدہ اور رنجیدہ کرنے والا خواب شیطان کی جانب سے ہے۔

لہذا جو شخص ناپسندیدہ خواب دیکھے، وہ بائيں جانب تھتکارے اور اس کے شر سے اللہ کی پناہ مانگے۔ کیوں کہ اللہ نے مذکورہ عمل کو برے خواب کے نتیجے میں سامنے آنے والی ناپسندیدہ بات سے سلامتی کا سبب قرار دیا ہے۔

فوائد

  • "الرؤيا" اور "الحُلُم" سے مراد وہ چیزیں ہیں، جنھیں انسان سونے کی حالت میں دیکھتا ہے۔ لیکن پہلے لفظ کا استعمال عام طور پر اچھی چیزوں کے لیے اور دوسرے لفظ کا استعمال عام طور پر بری چیزوں کے لیے ہوتا ہے۔ ویسے دونوں الفاظ کا استعمال ایک دوسرے کی جگہ پر بھی ہوتا ہے۔
  • خواب کی قسمیں: 1- اچھا خواب۔ یہ خواب برحق ہے اور اللہ کی جانب سے ملنے والی بشارت ہوتی ہے، جو انسان دیکھتا ہے یا اسے دکھائی جاتی ہے۔ 2- منتشر خیالات۔ یعنی ایسی باتیں جو انسان بیداری کی حالت میں سوچتا رہتا ہے۔ 3- شیطان کی جانب سے انسان کو غم زدہ کرنے یا خوف میں ڈالنے کی کوشش۔
  • یہاں اچھے خواب کے بارے میں جو کچھ بتایا گیا ہے، اس سے تین باتیں نکل کر سامنے آتی ہیں: اچھا خواب دیکھنے کے بعد اللہ کی تعریف کی جائے، اس سے خوش ہوا جائے اور اسے بتایا جائے۔ لیکن بتایا اسی کو جائے، جس سے محبت ہو۔ اسے نہيں جس سے نفرت ہو۔
  • اسی طرح یہاں برے خواب کے بارے میں جو کچھ بتایا گیا ہے، اس سے پانچ باتیں نکل کر آتی ہیں: اس کی برائی سے اللہ کی پناہ مانگی جائے، شیطان کی برائی سے اللہ کی پناہ مانگی جائے، نیند سے اٹھنے کے بعد تین بار بائيں جانب تھتکارا جائے، اس کا ذکر کسی کے سامنے نہ کیا جائے اور جب دوبارہ سونے کا ارادہ ہو تو پہلو بدل کر سویا جائے۔ اتنا کر لینے کے بعد اسے کوئی نقصان نہیں ہوگا۔

HadeethEnc.com پر پڑھیں

2 ایک بار

ترجمہ اور حوالہ

ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، وہ کہتے ہیں کہ انھوں نے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ و سلم کو فرماتے ہوئے سنا: ”جب تم میں سے کوئی شخص پسندیدہ خواب دیکھے تو (جان لے کہ) یہ خواب اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہے۔ لہذا اس پر اللہ کی حمد و ثنا کرے اور اسے بیان کرے۔ اور جب اس کے برعکس ناپسندیدہ بات خواب میں دیکھے، تو (جان لے کہ) یہ شیطان کی طرف سے ہے۔ لہذا اس خواب کے شر سے پناہ مانگے اور اس کا ذکر کسی سے نہ کرے، کیوں کہ وہ اسےقطعی نقصان نہیں دے سکے گا“۔

رواه البخاري درجہ: صحيح

شرح

اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ و سلم نے بتایا کہ نیند کی حالت میں دیکھا جانے والا اچھا اور خوش گوار خواب اللہ کی جانب سے ہوتا ہے۔ لہذا اس پر اللہ کی تعریف کرنی چاہیے اور اسے بتانا بھی چاہیے۔ اس کے برخلاف جب انسان کو ناگوار اور دکھی کرنے والا خواب نظر آئے، تو جان لے کہ یہ شیطان کی جانب سے ہے۔ لہذا ایسے خواب کی برائی سے اللہ کی پناہ مانگے اور کسی کو نہ بتائے۔ اتنا کر لینے کے بعد اسے کوئی نقصان نہيں ہوگا۔ کیوں کہ اللہ نے مذکورہ امور کو خواب کے نتیجے میں مرتب ہونے والی برائی سے حفاظت کا ذریعہ بنایا ہے۔

فوائد

  • خواب کی قسمیں: 1-اچھا خواب۔ یہ برحق خواب اور اللہ کی جانب سے ملنے والی بشارت ہوتی ہے، جو انسان دیکھتا ہے یا اسے دکھائی جاتی ہے۔ 2-منتشر خیالات۔ یعنی ایسی باتیں جو انسان بیداری کی حالت میں سوچتا رہتا ہے۔ 3- شیطان کی جانب سے انسان کو غم زدہ کرنے یا خوف میں ڈالنے کی کوشش۔
  • یہاں اچھے خواب کے بارے میں جو کچھ بتایا گیا ہے، اس سے تین باتیں نکل کر سامنے آتی ہیں: اچھا خواب دیکھنے کے بعد اللہ کی تعریف کی جائے، اس سے خوش ہوا جائے اور اسے بتایا جائے۔ لیکن بتایا اسی کو جائے، جس سے محبت ہو۔ اسے نہيں جو نا پسند ہو۔
  • اسی طرح یہاں برے خواب کے بارے میں جو کچھ بتایا گیا ہے، اس سے پانچ باتیں نکل کر آتی ہیں: اس کی برائی سے اللہ کی پناہ مانگی جائے، شیطان کی برائی سے اللہ کی پناہ مانگی جائے، نیند سے اٹھنے کے بعد تین بار بائيں جانب تھتکارا جائے، اس کا ذکر کسی کے سامنے بالکل نہ کیا جائے اور جب دوبارہ سونے کا ارادہ ہو تو پہلو بدل کر سویا جائے۔ اتنا کر لینے کے بعد اسے کوئی نقصان نہیں ہوگا۔
  • ابن حجر کہتے ہیں: اس کے اندر یہ حکمت پوشیدہ ہے کہ جب انسان اچھے خواب کا ذکر کسی ایسے شخص کے سامنے کرے گا، جو اس سے محبت نہ رکھتا ہو، تو وہ بغض یا حسد کی بنا پر اس کی نامناسب تعبیر نکالے گا۔ ایسے میں ہو سکتا ہے کہ خواب کی وہی تعبیر سامنے آ جائے اور ایسا نہ بھی ہو تو انسان کبیدہ خاطر اور غمزدہ تو ضرور ہوگا۔ اسی بات کو ملحوظ رکھتے ہوئے کسی ایسے شخص کے سامنے اچھے خواب کا ذکر کرنے سے منع کیا گیا ہے، جو محبوب نہ ہو۔
  • نعمتیں حاصل ہونے پر اللہ کی تعریف اور اس کا شکر و سپاس کرنا چاہیے۔ اس سے نعمتیں قائم و دائم رہتی ہيں۔

HadeethEnc.com پر پڑھیں

سوالات

اس صفحے پر کیا ہے؟

برے خواب کے بعد کی دعا: ہر ایک عربی میں، اپنے ترجمے، ماخذ حدیث، درجے اور شرح کے ساتھ۔

ترجمے کہاں سے لیے گئے ہیں؟

HadeethEnc.com سے، جو ترجمہ شدہ احادیث نبویہ کا انسائیکلوپیڈیا ہے۔ ہر حدیث بالکل ویسے ہی دکھائی جاتی ہے جیسے وہاں شائع ہوئی، اپنے حوالے اور درجے کے ساتھ، اور اصل کا لنک بھی دیا جاتا ہے۔

کیا مجھے روزانہ یاد دہانی مل سکتی ہے؟

جی ہاں۔ اینڈرائیڈ کے لیے مفت قبس ایپ آپ کو ہر روز صبح و شام کے اذکار یاد دلاتی ہے اور اس میں یہی کاؤنٹر موجود ہے۔